کاروار،25؍اگست (ایس او نیوز) کورونا لاک ڈاؤن پروٹوکول کے تحت ملک کی دوسری ریاستوں سے کرناٹکا میں آنے والے مسافروں کے لئے جو پابندیاں او ر قوانین لاگو تھے، ان سب کو ختم کرتے ہوئے تمام سرحدوں کو کھول دیا گیا ہے اورکچھ نئے اصول جاری کیے ہیں۔
محکمہ صحت کے ریاستی چیف سیکریٹری جاوید اختر کی طرف سے جاری کیے گئے سرکیولر کے مطابق اس سے قبل دیگر ریاستوں سے کرناٹکا میں داخل ہونے اور یہاں پر قیام کرنے کے لئے کوارنٹین کرناہاتھوں پر کوارنٹین کی سیل لگانا،سیواسندھو پورٹل میں رجسٹریشن کروانا، ریاستی اور ضلعی سرحد پر طبی جانچ کروانا،قیام گاہوں کے دروازوں پر کوارنٹین کا پوسٹر لگواناجیسے جو قوانین تھے انہیں منسوخ کردیا گیا ہے۔
نئے رہنما اصول کے مطابق اگر دوسری ریاست سے کوئی شخص کرناٹکا میں داخل ہوتا ہے اور اس وقت اس کے اندر کورونا کی کوئی علامت موجود نہیں ہے تو پھر اس کو 14دن کوارنٹین میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ اپنے معمول کے مطابق کام کاج میں مصروف رہ سکتا ہے۔ اگر ریاست میں داخل ہو نے کے 14دن کے اندر کووڈ کی علامات ظاہر ہوتی ہیں تو خود اپنی صحت پر نگاہ بنائے رکھنااورہیلپ لائن نمبر 14410پر کال کرکے اس بات کی اطلاع دینا ضروری ہوگا۔اس کے علاوہ فیس ماسک پہننا، آپسی رابطے میں دو میٹرکا جسمانی فاصلہ بنائے رکھنا،سینیٹائزر کا استعمال کرنا جیسی احتیاطی تدابیر پرعمل کرنا لازمی ہوگا۔